نئی دہلی 22ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر (22 ستمبر) کو جی ایس ٹی 2.0 نافذ ہونے کے بعد ملک کے عوام کے نام ایک خط لکھا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اس خط میں ’جی ایس ٹی بچت اتسو‘ کی سراہنا کی۔ انہوں نے اپنے خط کی شروعات میں ملک کے عوام کو ’نوراتری‘ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے لکھا کہ میری دعاء ہے کہ یہ تہوار آپ تمام کی زندگی میں خوشحالی لائے۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’رواں سال تہواروں میں ہمیں ایک اور تحفہ مل رہا ہے۔ 22 ستمبر سے آئندہ نسل کی جی ایس ٹی نفاذ کے ساتھ ہی پورے ملک میں جی ایس ٹی بچت اتسو کی شروعات ہو گئی ہے۔ ان اصلاحات سے کسان، خواتین، نوجوان، غریب، متوسط طبقہ، کاروباری، چھوٹی صنعتوں اور کاٹیج انڈسٹری تمام کو فائدہ ہوگا۔‘‘ وزیر اعظم نے خط میں لکھا کہ نئی جی ایس ٹی اصلاحات کی خوبی ہے کہ ’’اب بنیادی طور پر 2 سلیب ہوں گے۔ روزمرہ کی اشیائے ضروریہ جیسے کھانا، ادویات، صابن، ٹوتھ پیسٹ، اور بہت سی دوسری اشیاء اب یا تو ٹیکس فری ہوں گی یا پھر 5 فیصد کی سب سے کم سلیب میں آئیں گی۔ گھر بنانا، گاڑی خریدنا، باہر کھانا یا فیملی کے ساتھ چھٹیاں منانا جیسے خوابوں کو پورا کرنا اب آسان ہوگا۔ ہیلتھ انشورنس پر بھی جی ایس ٹی اب صفر کر دی گئی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’مجھے یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ کئی دکاندار اور تاجر ’پہلے اور اب‘ کے کارڈ لگا کر لوگوں کو بتا رہے ہیں کہ سامان پہلے کے مقابلہ میں کتنا سستا ہو گیا ہے۔ ہماری جی ایس ٹی کا سفر 2017 میں شروع ہوا تھا۔ تب ملک کو طرح طرح کے ٹیکس اور ٹول کی پریشانیوں سے آزادی ملی تھی۔ اس سے صارفین اور کاروباریوں کو کافی راحت ملی تھی۔ اب یہ اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات ہمیں مزید آگے لے جا رہی ہیں، اس میں سسٹم کو نہایت ہی آسان بنایا گیا ہے۔ اس سے ہمارے دکاندار ساتھیوں اور چھوٹی صنعتوں کی سہولت میں مزید اضافہ ہوگا۔‘‘