نئی دہلی 10ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی کو اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کا فون آیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان طویل گفتگو ہوئی۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان۔اٹلی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ یوکرین کے بحران کو جلد ختم کرنے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیکن یہ پہلا معاملہ نہیں ہے، پچھلے تین ماہ سے یورپی لیڈر مسلسل پی ایم مودی کو فون کر رہے ہیں۔ پہلے فرانسیسی صدر ایمنوئل میکرون نے بات کی۔ پھر یورپی یونین کے چیئرمین ارسولا وان ڈیر لیین نے فون کیا۔ زیلنسکی نے مودی سے بات کی اور اب میلونی نے خود فون ملاکر دونوں ملکوں کے تعلقات اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کی ۔ بات چیت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا، وزیر اعظم جارجیا میلونی کے ساتھ بات چیت ہوئی۔
ہم نے ہندوستان۔اٹلی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور یوکرین تنازعہ کو جلد ختم کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ میں نے ہندوستان۔یورپی یونین تجارتی معاہدے کو نتیجہ خیز طریقے سے مکمل کرنے اور IMEEEC پہل کے ذریعے کنیکٹیویٹی کو فروغ دینے میں اٹلی کی فعال شرکت کے لیے وزیر اعظم میلونی کا شکریہ ادا کیا۔ جارجیا میلونی کی یہ کال یورپی رہنماؤں کے مسلسل رابطے کا حصہ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی رہنما ہندوستان کو تجارت، بین الاقوامی سلامتی اور ہندوستان کے ساتھ رابطے جیسے مسائل پر کتنی اہمیت دے رہے ہیں۔









