نئی دہلی 28جون: پرائم منسٹر نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات کے 135ویں ایپی سوڈ میں ملک کی سلامتی، خود کفالت اور یوگا کے میدان میں حاصل ہونے والی عالمی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کئی اہم باتیں شیئر کیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران بھارت نے ایسے کئی اہم کام انجام دیے ہیں جن پر ہر ملک کے شہری کو فخر ہونا چاہیے۔ پی ایم مودی نے خاص طور پر دیسی ساختہ دفاعی پیداوار، بحریہ کی بڑھتی ہوئی طاقت اور بھارت میں تیار کیے جا رہے C-295 طیارے کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ سمندر سے لے کر آسمان تک بھارت کی سلامتی مسلسل مضبوط ہو رہی ہے اور اس میں دیسی ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے۔ پی ایم مودی کا یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور مقامی دفاعی صنعت کو مسلسل فروغ دیا جا رہا ہے۔انھوں نے اپنے خطاب میں صرف دفاعی کامیابیوں کا ہی ذکر نہیں کیا بلکہ یوگا، روزگار اور سماجی خدمت جیسے موضوعات کو بھی نمایاں طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جون کے مہینے میں بھارت نے کئی ایسے سنگ میل عبور کیے ہیں جنہوں نے دنیا کے سامنے ملک کی صلاحیت اور خود اعتمادی کو مزید مضبوط انداز میں پیش کیا ہے۔انہوں نے ہندوستانی بحریہ میں شامل ہونے والے نئے دیسی جنگی جہازوں، C-295 طیارے کی پہلی پرواز، ورلڈ یوگاسن چیمپئن شپ میں بھارت کی شاندار کارکردگی اور مہاراشٹر کے ایک خاندان کی منفرد سماجی خدمت کا ذکر کرتے ہوئے ملک کے عوام کو ترغیب دی۔









