نئی دہلی، 5 ستمبر (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے آن لائن گیمز میں نوجوانوں کی حد سے زیادہ مشغولیت سے پیدا شدہ خدشات کے تحت، آج یومِ اساتذہ کے موقع پر کم عمری سے ہی طلباء میں قومی فخر اور خود انحصاری کے جذبات پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں سےزور دے کر کہا ہے کہ وہ تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ ایسی اقدار کی تعلیم بھی دیں جو ہندوستان کی ثقافتی اور اقتصادی روایات پر مبنی ہو۔ اس سلسلے میں،انہوں نے پارلیمنٹ میں حال ہی میں منظورشدہ آن لائن گیمز سے متعلق قوانین کا حوالہ دیا، جن کا مقصد طلباء اور کنبوں کوان کی لت، مالی استحصال اور پرتشدد مواد سے بچانا ہےیوم اساتذہ کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے اساتذہ سے کہا کہ وہ طلباء میں ان خطرات کے تیئں بیداری پیدا کریں ۔ وزیر اعظم نے طلباء اور ان کے کنبوں کی مدد کے لیے ایسی سرگرمیوں کی تجویزپیش کی جن کے ذریعے وہ اپنے گھروں میں دیسی مصنوعات کی پہچان اور ان کے استعمال کو بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں سے بچوں میں دیسی مصنوعات کی اہمیت کو سمجھنے کا شعور پروان چڑھے گا اور ان میں قوم کی معیشت کے تئیں ذمہ داری کا احساس پیدا ہوگا۔ مسٹر مودی نے اسکولوں کو ہدایت دی کہ وہ ہندوستان میں تیار کردہ اشیاء کو آرٹ اینڈ کرافٹ نیز ثقافتی تقریبات میں شامل کریں۔ وزیر اعظم نے اسکولوں سے کہا کہ وہ ’سودیشی ہفتہ‘ اور ’مقامی مصنوعات کا دن‘ جیسے پروگرام شروع کریں، جہاں طلباء اپنے گھروں سے مقامی مصنوعات لائیں اور ان سے متعلق کہانیاں شیئر کریں۔ انہوں نے طلباء کی سمجھ بوجھ بڑھانے میں اس طرح کی مصنوعات کی ابتدا ، کاریگری اور قومی سطح پر ان کی اہمیت سے متعلق مباحثوں کی اہمیت پر زور دیا۔








