بھوپال:07؍جنوری: ان دنوں بہارایم آئی ایم ریاستی صدر اخترالایمان بھوپال کے دورے ہیں۔ اس دوران بہار سے تعلق رکھنے والے تمام افراد سے انہوں نے خصوصی ملاقات کی، اسی اثناء میں یہاں زیرتعلیم طلبا اورمقیم افراد نے ان سے ٹرینوں کی توسیع کولیکر گفتگوکی۔ اس موقع پر انس کنسلٹنسی کے بینرتلے ایک وفد نے خوشگوار ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک میمورنڈم سونپا۔جس میں بتایاگیاکہ کٹیہار،پورینہ اورارریہ کے طلبا کواپنے وطن جانے میں کافی پریشانیوں کاسامنا کرناپڑتاہے،خاص طورسے برکت اللہ یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقد ہونے والے امتحانات کے موقع پر اچانک ایگزام کی تاریخوں کااعلان ہوجاتاہے، اور ٹرینوں میں بہ یک وقت ٹکٹ نہیں مل پاتا،کئی روٹوں سے پریشان ہوکرطلبا کوبھوپال آناپڑتاہے۔ اس پریشانی کے پیش نظر بھوپال سے ہوتے ہوئے جن ٹرینوں کاگزرہوتاہے ، ان کی توسیع پرگفتگوکی گئی۔ اخترالایمان نے ان مطالبات کو ایم آئی ایم کے قومی صدر جناب بیرسٹراسدالدین تک پہنچانے کی بات کہی اوریقین دلایا کہ اس جانب کوشش کی جائے گی۔واضح رہے کہ آج بروز بدھ شام سات بجے نظام الدین کالونی واقع ایک پروگرام میں جناب اخترالایمان سے یہ خصوصی ملاقات ہوئی۔پروگرام میںان کازوردار استقبال کیاگیا۔









