نئی دہلی، 06 جون (یواین آئی) تقریباً دو دہائیوں کے طویل کریئر کے بعد لیگ اسپنر پیوش چاؤلہ نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔چاؤلہ نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ کے ذریعے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا اعلان کیا۔انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، ’’دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک میدان میں رہنے کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ میں اس خوبصورت کھیل کو الوداع کہوں۔‘‘وہ 2007 کے ٹی-20 ورلڈ کپ اور 2011 کے ایک روزہ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا آشیر واد ہے اور اس کی یادیں ہمیشہ ان کے دل میں رہیں گی۔انہوں نے کہا، ’’اوپر والے کی مہربانی سے میں اتنے طویل عرصہ تک کرکٹ کھیل سکا۔ یہ سفر کبھی انتہائی چیلنجنگ رہا، تو کبھی بہت سکون دینے والا، لیکن اس کے ہر لمحے نے مجھے بہت کچھ سکھایا اور بہت کچھ دیا۔ یہ وہ یادیں ہیں جو عمر بھر میرے ساتھ رہیں گی۔ مجھے ہمیشہ سے لگتا رہا ہے کہ ہر چیز کا ایک صحیح وقت ہوتا ہے۔ اور آج وہی لمحہ ہے، جب مجھے لگا کہ اب فیصلہ کرنا چاہیے۔‘‘
پیوش چاؤلہ نے ہندوستان کے لیے تین ٹیسٹ، 25 ایک روزہ اور سات ٹی-20 میچ کھیلے، جن میں انہوں نے کل 43 وکٹیں لیں۔ وہ 2011 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے، جو ان کے کریئر کی سب سے بڑی کامیابی رہی۔ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ 2012 میں انگلینڈ کے خلاف ٹی-20 کی شکل میں کھیلا تھا۔ انہوں نے 137 فرسٹ کلاس میچوں میں 446 وکٹیں لیں اور چھ سنچریوں کی مدد سے 5486 رنز بھی بنائے۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ان کا کریئر انتہائی کامیاب رہا۔ انہوں نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ 2012 اور 2014 میں دو بار خطابی ٹیم کا حصہ رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے آئی پی ایل میں کل 192 وکٹیں لیں اور وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں مشترکہ طور پر تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز ہیں۔