نئی دہلی، 11 ستمبر: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے ملک کے تعلیمی نظام پر ایک بار پھر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نظام اسی نسل کو ناکام کر رہا ہے جسے آگے بڑھانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ انہوں نے پیپر لیک، تعلیم کی بھاری فیس اور خستہ حال بنیادی ڈھانچے کو موجودہ نظام کی بڑی خامیوں میں شمار کیا اور کہا کہ ان مسائل کے باعث لاکھوں محنتی نوجوانوں کو بھی نظام مایوس کر رہا ہے۔
راہل گاندھی نے جمعہ کو ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا تعلیمی نظام اس نسل کو ناکام کر رہا ہے جسے اسے آگے بڑھانا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ پیپر لیک، ناقابل برداشت فیس اور خستہ تعلیمی بنیادی ڈھانچہ اس ناکامی کی نمایاں مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لاکھوں نوجوان ایمانداری سے محنت کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود نظام انہیں مایوس کر دیتا ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ تعلیمی نظام کو درست کرنے کی شروعات ان لوگوں کی بات سننے سے ہونی چاہیے جو روزانہ اس کی ناکامیوں کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین اور اساتذہ سے بھی اپیل کی کہ وہ بتائیں کہ انہوں نے تعلیمی نظام پر اعتماد اور امید کیوں کھو دی ہے۔
راہل گاندھی نے لوگوں سے اپنے تجربات، ثبوت اور تجاویز شیئر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے لیے ایک آن لائن لنک بھی شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی طور پر کوشش کر کے تعلیمی نظام میں امید دوبارہ پیدا کی جا سکتی ہے۔