نوئیڈا، 2 جنوری (یو این آئی) یوپی یودھا کو پرو کبڈی لیگ میں تین بار کی چمپئن پٹنہ پائریٹس کے خلاف سات پوائنٹس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پیر کی رات پرو کبڈی لیگ کے 52ویں میچ میں سچن تنور کے 15 پوائنٹس کی بدولت یوپی یودھا کو اس کے گھر پر 48-41 سے شکست ہوئی۔ اس جیت کے بعد پٹنہ نو میچوں میں پانچ جیت اور 27 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ یوپی یودھاس کو 10 میچوں میں چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ٹیم 10 ویں نمبر پر ہے۔پٹنہ پائریٹس نے شاندار آغاز کیا لیکن پردیپ ناروال نے جلد ہی یوپی یودھا کو مقابلے میں واپس لادیا۔ پہلے پانچ منٹ میں پٹنہ کے پاس ایک پوائنٹ کی لیڈ تھی۔ تین بار کے چیمپئن نے اسے آگے بڑھاتے ہوئے پانچ پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی۔ 10ویں منٹ میں ہی پٹنہ نے یوپی کو آل آؤٹ کر کے اسکور 14-6 کر دیا۔سچن تنور کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے پٹنہ نے 15ویں منٹ تک 12 پوائنٹس کی برتری حاصل کی اور اسکور کو 19-7 تک بڑھا دیا۔ دریں اثنا، یوپی یودھاس نے پہلا سپر ٹیکل بنا کر خود کو آل آؤٹ ہونے سے بچالیا۔ اس سے پردیپ ریوائیوہوکرمیٹ پر واپس آ گئے اور انہوں نے پوائنٹس لینا شروع کیا۔ تاہم کچھ دیر بعد ہی منجیت نے پردیپ کو باہر کردیا۔17ویں منٹ میں پٹنہ نے پھر یوپی یودھا کو آل آؤٹ کردیا اور اسکور 25-13 کرلیا۔ 20 ویں منٹ میں پردیپ نے اپنی سابق ٹیم کے خلاف پھر سے بونس کے ساتھ دو پوائنٹس حاصل کرکے یوپی کو پوائنٹس دلائے۔ اس کے باوجود پٹنہ نے نو پوائنٹس کی برتری کو برقرار رکھا اور ہاف ٹائم کے اختتام پر اپنا اسکور 25-16 تک بڑھا دیا۔تاہم، یوپی یودھاس نے دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی اپنی واپسی کا اعلان کردیا۔ پردیپ نروال نے 23 ویں منٹ میں سپر ریڈ لگاکر اپنی ٹیم کو تین پوائنٹس دلائے۔ اس کے ساتھ ہی پردیپ نے پی کے ایل کی تاریخ میں اپنا 83 واں سپر 10 بھی مکمل کیا۔ لیکن پٹنہ پر اس کا زیادہ اثر نہیں ہوا اور تین بار کی چمپئن نے 25ویں منٹ تک 11 پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی۔اگلے ہی منٹ میں، منجیت نے ایک اور سپر ریڈ کے ساتھ تین پوائنٹ بنائے اور پٹنہ کو 34-20 پر لے گئے۔ اس کے بعد ہی یوپی یودھا میچ میں تیسری بار آل آؤٹ ہوگئی اور اس کے ساتھ ہی پٹنہ نے 18 پوائنٹس کی زبردست برتری حاصل کرلی۔ 35ویں منٹ میں پٹنہ پائریٹس 43-27 کی برتری کے ساتھ میچ میں آگے تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری پانچ منٹ کے کھیل کے دوران بہت سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پردیپ نے اگلے ہی منٹ میں اپنی سابق ٹیم کو آل آؤٹ کی طرف دھکیل دیا۔
لیکن اسی دوران سچن تنور نے اگلی ریڈ میں پٹنہ کو آل آؤٹ ہونے سے بچالیا اور اس سیزن کا اپنا چوتھا اور پی کے ایل میں 35 واں سپر 10 مکمل کیا۔
یوپی یودھا نے 38 ویں منٹ میں پٹنہ پائریٹس کو پہلی بار آل آؤٹ ضرور کیا۔ لیکن اس کے باوجود تین بار کی چیمپئن کو 11 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔ پٹنہ پائریٹس نے آخری منٹوں میں بھی اپنی برتری برقرار رکھی اور میچ 48-41 سے جیت لیا۔