نئی دہلی، 30 اپریل (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پورا ملک حکومت اور ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور چاہتا ہے کہ اس حملے کا پاکستان کو مناسب جواب دیا جائے۔پارٹی کے سینئر لیڈر سوربھ بھاردواج نے بدھ کے روز کہا کہ پورا ملک وزیر اعظم سے مطالبہ کر رہا ہے کہ اب ہندوستانی حکومت پاکستان سے مقبوضہ کشمیر (پی او کے) کو واپس لے لے۔ ہمیں اپنی ہندوستانی فوج کی بہادری پر پورا بھروسہ ہے۔ دہشت گردی کے تمام تربیتی کیمپ، لانچنگ پیڈ اور پورا انفراسٹرکچر صرف پی او کے میں واقع ہے، اس لیے اس پر قبضہ کرنا ضروری ہے۔ جب تک پی او کے پاکستان کے قبضے میں رہے گا، دہشت گردی بڑھتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہندوستانیوں کو دہشت گردوں نے چن چن کر مارا اور آج پورا ملک ناراض ہے۔ ہمارے ملک کے نوجوان غصے سے ابل رہے ہیں۔ آج پورا ملک مرکزی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور حکومت کی طرف دیکھ رہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ ہم سب ہندوستان فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر اے اے پی کے قومی میڈیا انچارج انوراگ ڈھانڈا نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں اس بات پر اتفاق ہے کہ پاکستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جانی چاہیے۔ اس سے پہلے بھی کئی بار ایسا ہو چکا ہے کہ پاکستان نے ہندوستان کو اپنی طاقت دکھانے کی کوشش کی اور ہماری سرزمین پر دہشت گردی کے واقعات کرائے اور اس وقت کی حکومتوں نے منہ توڑ جواب دیا ۔