لاہور، 2 جون (یو این آئی) محمد حارث (ناٹ آؤٹ 107) اور سیم ایوب (45) کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 16 گیندیں باقی رہتے سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اتوار کی شب کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے بیٹنگ کرتے ہوئے پرویز حسین ایمان (66)، تنزید حسن (42)، محمد توحید ہردوئے (25) اور کپتان لٹن کمار داس (22) کے تعاون سے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور عباس آفریدی نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔197 رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں اوپنر صاحبزادہ فرحان (1) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد محمد حارث نے سیم ایوب کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 92 رنز کی شراکت قائم کی۔ 10ویں اوور میں تنظیم حسن ثاقب نے 29 گیندوں پر سیم ایوب (45) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ حسن نواز 13 گیندوں پر (26) رنز بنانے کے بعد تیسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث نے 46 گیندوں پر آٹھ چوکے اور سات چھکے لگا کر (107 ناٹ آؤٹ) رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔