لاہور، 9 اپریل (یو این آئی) سدرہ امین (51) اور عالیہ ریاض (52) کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد ڈائنا بیگ (چار وکٹ) اور نشرا سندھو (تین وکٹوں) کی شاندار گیندبازی کی بدولت پاکستان خواتین نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے ون ڈے میں آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی۔218 کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی شروعات خراب رہی اوراس نے اپنی پہلی وکٹ سارہ فوربس (نو) کے طور پر گنوا دی۔ اس کے بعد کپتان گیبی لوئس اور ایمی ہنٹر نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت ہوئی۔ سندھو نے 24ویں اوور میں کپتان گیبی لیوس (44) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے 28ویں اوور میں ایمی ہنڈر (44) کو آؤٹ کیا۔ اورلا پرینڈرگاسٹ 37 رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ آئرلینڈ کی بلے باز بیگ اور سندھو کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر نہ چل سکیں اور پوری ٹیم 44 اوورز میں 179 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی خاتون ٹیم نے یہ میچ 38 رنز سے جیت لیا۔ آئرلینڈ کے چھ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
پاکستان کی جانب سے ڈائنابیگ نے چار اور نشرا سندھو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج آئرلینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ کے دوران آغاز اچھا نہیں تھا اور صرف تین رنز کے اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی۔ گل فیروزہ چار رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد منیبہ علی اور سدرہ امین نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت ہوئی۔ جین میگوئیر نے 21ویں اوور میں منیبہ علی (32) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد عالیہ ریاض بیٹنگ کے لیے آئیں اور سدرہ امین کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 72 رنز جوڑے۔ کیرا مرے نے 36 ویں اوور میں سدرہ امین (51) کو ایل بی ڈبلیو کرکے شراکت کا خاتمہ کیا۔اس کے بعد انہوں نے 42ویں اوور میں عالیہ ریاض (52) کو آؤٹ کیا۔ نتالیہ پرویز 12 رن بناکر اور کپتان فاطمہ ثنا 19 رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ ایک موقع پر پاکستانی ٹیم نے چار وکٹوں پر 175 رنز بنائے تھے۔ عالیہ ریاض کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے صرف 42 رنز پر چھ وکٹیں گنوا دیں۔ چھ پاکستانی بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکیں۔ آئرش بولنگ اٹیک کے سامنے پاکستان کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 217 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔آئرلینڈ کی جانب سے جین میگوائر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ کیرامرے اور آرلین کیلی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اورلا پرینڈرگاسٹ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔