کرائسٹ چرچ، 15 مارچ (یو این آئی) چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان اب پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کا دورہ کررہا ہے۔ اگلے سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ اور اس سال کے آخر میں ہونے والے ایشیا کپ کے پیش نظر، پاکستان نے ایک نوجوان ٹی20 سکواڈ کا انتخاب کیا ہے جس کی قیادت نو منتخب کپتان سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔
پاکستان انجری کے باعث صائم ایوب اور فخر زمان کے بغیر کھیلے گا۔ اسکواڈ میں تین ان کیپڈ کھلاڑی عبدالصمد، حسن نواز اور محمد علی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔سیریز سے قبل ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے آغا نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کچھ نوجوان کھلاڑی ہیں اور یہ ان کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ہے۔ آئی سی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آغا، جنہوں نے بطور کپتان اپنی پہلی سیریز میں زمبابوے کے خلاف سیریز 2-1 سے جیتنے میں پاکستان کی قیادت کی، نے نیوزی لینڈ کے دورے سے قبل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ٹیم کی تیاریاں اچھی جا رہی ہیں اور ہم نیوزی لینڈ میں بہتر نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔”
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 23 میچز پاکستان کے حق میں گئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ نے 19 میچز جیتے ہیں۔ آخری بار دونوں ٹیمیں 2024 میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آمنے سامنے ہوئی تھیں، یہ سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوئی تھی۔پاکستان: سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد حارث، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان۔ون ڈے سکواڈ: محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، عرفان نیازی، نسیم شاہ، سفیان مقیم، طیب طاہر۔