نئی دہلی 10مئی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر زبردست کشیدگی کا ماحول ہے۔ ایسے میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پاکستان کو سخت لہجے میں کہا ہے کہ وہ پہلے اپنی بندوقیں خاموش کرے ورنہ اسے بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حملہ کیا۔ بے قصور لوگوں کو مارنے کی کوشش کی لیکن ہماری فوج نے اُس طرف سے کی گئی ساری کوششیں ناکام بنا دیں۔ عمر نے کہا کہ پاکستان کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن اس سے کسی کا بھی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہیں (پاکستان کو) اپنا اسلحہ ڈال دینا چاہیے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا، ’’سب سے بڑی بات یہ ہے کہ انہوں نے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے ڈرون کا استعمال کیا لیکن اس کا سہرا ہماری دفاعی افواج کو جاتا ہے کہ انہوں نے سبھی ڈرون کا مار گرایا۔ کشمیر کے اننت ناگ میں گولہ-بارود ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا لیکن کوشش ناکام کر دی گئی۔ ہم نے یہ حالت شروع نہیں کی، پہلگام میں بے قصور لوگ مارے گئے اور ہمیں جواب دینا پڑا۔ پاکستان کشیدگی کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس سے انہیں کسی بھی طرح سے فائدہ نہیں ہوگا۔ انہیں اپنے اسلحے ڈال دینے چاہئیں۔ انہیں کشیدگی بڑھانے کے بجائے ڈی-ایسکلیشن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔‘‘ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ حالات کے لیے عمر عبداللہ نے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف اس حملے کا جواب دیا ہے جو پہلگام میں ہوا تھا۔ اس لڑائی میں پاکستان ہرگز کامیاب ہونے والا نہیں ہے۔ بہتر ہوگا کہ وہ اپنی بندوقیں خاموش کر دے۔ واضح رہے کہ اپنے جموں دورے کے دوران عمر عبداللہ نے کہا کہ پاکستانی گولی باری میں پونچھ میں کافی نقصان ہوا ہے۔ سب سے زیادہ لوگوں کی موت پونچھ میں ہوئی ہے۔ زخمیوں کی تعداد بھی یہاں زیادہ ہے۔ جموں اسپتال میں بھری سبھی لوگ پونچھ سے ہیں۔ سنگین طور سے زخمیوں کو پی جی آئی چنڈی گڑھ منتقل کیا گیا ہے۔