نئی دہلی 29دسمبر: وزارتِ خارجہ نے پیر کے روز پاکستان کی جانب سے بھارت میں اقلیتوں کے مبینہ استحصال سے متعلق دیے گئے بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ اقلیتوں کے ساتھ سلوک کے حوالے سے پاکستان کا اپنا ریکارڈ اس قدر خراب ہے کہ اسے کسی دوسرے ملک پر انگلی اٹھانے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔ میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے رندھیر جیسوال نے پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کے ان الزامات کو رد کیا جن میں بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مبینہ مظالم کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بیانات ایک ایسے ملک کی جانب سے آ رہے ہیں جس کا اقلیتوں کے حوالے سے بدترین اور افسوسناک ریکارڈ پوری دنیا کے سامنے ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اقلیتوں کے ساتھ ہونے والا منظم اور سنگین استحصال ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے اور محض الزامات یا الزام تراشی کے ذریعے اس حقیقت کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا : ’’ہم ایسے ملک کے بیانات کو مسترد کرتے ہیں جس کا اقلیتوں کے حوالے سے ریکارڈ نہایت ابتر ہے۔ پاکستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اقلیتیں منظم اور ہولناک مظالم کا شکار رہی ہیں، جو ایک ثابت شدہ حقیقت ہے۔ انگلی اٹھانے سے یہ سچ چھپ نہیں سکتا۔‘