فیصل آباد 05 نومبر(یواین آئی ) پاکستان نےون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، پاکستان نے 264 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، سلمان علی آغا اور محمدرضوان نے نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، سلمان علی آغا پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
اقبال سٹیڈیم فیصل اباد میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، جنوبی افرین ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےآخری اوور میں 263 رنزبنا کر آئوٹ ہو گئی، کوئنٹن ڈی کوک 63 اور لوہانڈرے پیٹریاس 57 رنزبنا کر نمایاں رہے، ،کپتان میتھیو بریٹز 42، کوڈبن بوشے 41 اور سنتھمبا کوشائل 22 رنز بناسکے، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3 ، 3 ، صائم ایوب نے 2، شاہین آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، فخرزمان اور صائم ایوب نے ٹیم کو 87 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں پر صائم ایوب 39 رنز بنا کر فریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے، 102 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو فخرزمان کا نقصان اٹھانا پڑا جو 45رنز بنانے کے بعد فریرا کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے، بابراعظم بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور محض 7 رنز بنا کر فورٹوئن کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر سلمان علی آغا اور محمد رضوان 91رنز جوڑ کر میچ کو آسان بنا دیا،196 کے مجموعی سکور پر رضوان 55رنز بنا کر بوش کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، حسن طلعت 22 رنز بنا سکے، 252 کے اسکور پر پاکستان کو ساتواں نقصان برداشت کرنا پڑا جب سلمان علی آغا جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 62رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد نگیڈی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، حسن نواز 1 اور محمد نواز 9 رنز بنا کر چلتے بنے،کپتان شاہین آفریدی 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی نگیڈی ، ڈونوان فریریا اور کاربن بوشے نے 2،2 جبکہ جارج لنڈے اور بجورن فورچون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔









