کولکتہ، 07 فروری (یو این آئی): شیمرون ہیٹ مائر (64) اور برینڈن کنگ (35) کی شاندار بلے بازی کے بعد روماریو شیفرڈ (پانچ وکٹیں) کی بہترین گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ہفتہ کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے دوسرے مقابلے میں اسکاٹ لینڈ کو 35 رن سے شکست دے دی۔183 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری اسکاٹ لینڈ کی شروعات اچھی نہ رہی اور اس نے محض 37 کے اسکور پر اپنی تین وکٹیں گنوا دیں۔ مائیکل جونز (1)، برینڈن میک ملن (14) اور جارج منسی (19) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان رچرڈ بیرنگٹن اور ٹام بروس کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑے۔ 14ویں اوور میں جیسن ہولڈر نے رچرڈ بیرنگٹن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ بیرنگٹن نے 24 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ اگلے ہی اوور میں گڈاکیش موتی نے ٹام بروس (35) کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد روماریو شیفرڈ کی گیند بازی کے سامنے اسکاٹ لینڈ کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر جیسن ہولڈر نے مارک واٹ (15) کو آؤٹ کر کے اسکاٹ لینڈ کی اننگز کا 147 کے اسکور پر خاتمہ کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے پانچ اور جیسن ہولڈر نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شیمرون ہیٹ مائر کو ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔اس سے قبل آج یہاں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے لیے برینڈن کنگ اور کپتان شائی ہوپ کی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے۔ شائی ہوپ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ برینڈن کنگ نے 30 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔ کپتان روومین پاول نے بھی 24 رنز کا اضافہ کیا۔
شیمرون ہیٹ مائر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 36 گیندوں پر دو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
شرفین ردرفورڈ نے بھی 13 گیندوں پر برق رفتار 26 رنز جوڑے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا اسکور بنایا۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے بریڈلی کری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔









