کولمبو، 7 فروری (یو این آئی) سلمان مرزا (تین وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کے بعد صاحبزادہ فرحان (47) اور فہیم اشرف (29) کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے ہفتہ کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے سخت مقابلے میں نیدرلینڈز پر تین گیندیں باقی رہتے ہوئے تین وکٹوں سے جیت حاصل کی۔
ایک سو اڑتالیس رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے تیسرے ہی اوور میں صائم ایوب 13 گیندوں میں (24) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں آرین دت نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کپتان آغا سلمان نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اسی دوران پانچویں اوور میں آرین دت نے آغا سلمان (12) کو شکار بنایا۔
ایک وقت میں جب ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ آسانی سے جیت لے گا لیکن 12ویں اوور میں پال وین میکرین نے پہلی ہی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو آؤٹ کر کے پاکستان کو تیسرا دھچکا دیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 31 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسی اوور کی تیسری گیند پر انہوں نے عثمان خواجہ (صفر) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ اگلے اوور میں رولوف وین ڈیر مروے نے بابر اعظم (15) کا بھی شکار کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔
سولہویں اوور میں کائل کلین نے محمد نواز (چھ) کو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر لوگن وین بیک نے شاداب خان (آٹھ) کو چلتا کر دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے فہیم اشرف نے محاذ سنبھالا اور 19ویں اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ پاکستان نے 19.3 اوورز میں 148 رنز بنا کر مقابلہ اپنے نام کیا۔ فہیم اشرف نے 11 گیندوں میں دو چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیدرلینڈز کے لیے آرین دت اور پال وین میکرین نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ لوگن وین بیک، کائل کلین اور رولوف وین ڈیر مروے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے آج یہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری نیدرلینڈز پاکستانی بالنگ اٹیک کے سامنے 19.5 اوورز میں 147 رنز کے اسکور پر سمٹ گئی۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 29 گیندوں میں (37)، باس ڈی لیڈے نے 25 گیندوں میں (30)، مائیکل لیویٹ نے 15 گیندوں میں (24)، کولن ایکرمین نے 14 گیندوں میں (20) اور آرین دت نے آٹھ گیندوں میں 13 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے بالنگ اٹیک کے سامنے نیدرلینڈز کے چھ بلے باز دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے۔
پاکستان کے لیے سلمان مرزا نے تین وکٹ حاصل کئے۔ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب کو دو دو وکٹ ملے۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔









