لاہور، 11 اپریل (یو این آئی) فاطمہ ثناء (چار وکٹ) اور سعدیہ اقبال (دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد منیبہ علی (71) اور عالیہ ریاض (ناٹ آؤٹ 68) کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان کی خواتین ٹیم نے جمعہ کو آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے چوتھے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو آٹھ گیندیںباقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔بارش کے باعث میچ کو 32-32 اوورز کا کردیا گیا تھا۔187 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے 36 کے اسکور پراپنی دو وکٹیں گنوادیں ۔ اس کے بعد عالیہ ریاض بیٹنگ کے لیے آئیں اور منیبہ علی کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت ہوئی۔ چلو ایبل نے 24ویں اوور میں منیبہ علی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ منیبہ علی نے 72 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے (71) رنز بنائے۔ اس کے بعد کپتان فاطمہ ثنا 7 رن بناکر آؤٹ ہوئیں ۔ عالیہ ریاض نے 70 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ناقابل شکست 68 رنز بنائے۔
پاکستان نے 30.4 اوورز میں چار وکٹوں پر 190 رنز بنا کر چھ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کلو ایبل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ریچل سلیٹر اور کیتھرین فریزر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج پاکستان ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے اتری اسکاٹ لینڈ کی بیٹنگ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 17 کے اسکور پر دو وکٹیں گنوا دیں۔اس کے بعد کپتان کیتھرین برائس بیٹنگ کے لیے آئیں اور سارہ برائس کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ سارہ برائس (21)رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ ایلسا لسٹر نے 24 گیندوں پر 31 رنزبنائے۔ کیتھرین فریزر (11) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اسکاٹ لینڈ کی نویں وکٹ کیتھرین برائس کی صورت میں گری۔ انہیں فاطمہ ثنا نے بولڈ آؤٹ کیا۔ برائس نے 96 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 91 رن بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے بارش کے باعث کم کئے گئے 32 اوور میں نو وکٹ پر 186 رن بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے چار اور سعدیہ اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈائنا بیگ اور نشرا سندھو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔