دبئی:22؍دسمبر:پاکستان نے دوسری بار انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ ٹیم نے اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دی۔ دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی میں سمیر منہاس کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے بھارت کو 348 رنز کا بڑا ہدف دیا۔جواب میں ہندوستانی ٹیم 26.2 اوورز میں 159 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر ویبھو سوریاونشی صرف 26 رنز بنا سکے۔ دیپیش دیویندرن نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا نے چار جبکہ محمد صیام، حذیفہ احسن اور عبدالسبحان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے فاتح پاکستانی ٹیم اور ان کے کپتان کو ٹرافی پیش کی۔ تاہم ہندوستانی کھلاڑیوں نے نقوی سے رنر اپ میڈل لینے سے انکار کردیا۔ کھلاڑیوں نےا سٹیج سے اتر کر آئی سی سی کے رکن مبشر عثمانی سے میڈلز وصول کیے۔ سینئر ٹیم کا ایشیا کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم نے نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔
ٹیم انڈیا کو ابھی تک وہ ٹرافی نہیں ملی ہے۔اس سے قبل ہندوستانی کپتان آیوش مہاترے نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 347 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی مضبوط اننگز کھیلی۔ احمد حسین نے 56 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن نے تین جبکہ کھلن پٹیل اور ہینیل پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کنشک چوہان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستان کو انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں تاریخ کی دوسری سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے 2023 کے فائنل میں متحدہ عرب امارات کو 195 رنز سے شکست دی تھی جو کہ ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی جیت بھی ہے۔