ممبئی، 24 اگست (یو این آئی) چیتیشور پجارا نے اتوار کو سبھی طرز کی ہندوستانی کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ آج اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے 37 سالہ پجارا نے لکھاکہ ’’ہندوستانی جرسی پہننا، قومی ترانہ گانا اور جب بھی میں میدان میں قدم رکھتا، اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا- اس کے حقیقی معنی کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے، لیکن جیسا کہ وہ کہتے ہیں، ہر اچھی چیز کا خاتمہ ہونا چاہیے اور میں نے سبھی طرز کی ہندوستانی کرکٹ سےریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، آپ لوگوں کی حمایت اور محبت کا بے حد شکریہ۔ پجارا نے مزید لکھاکہ ’’راجکوٹ کے ایک چھوٹے سے قصبے سے تعلق رکھنے والے ایک چھوٹے سے لڑکے کے طور پر اپنے والدین کے ساتھ، میں نے ستاروں کو نشانہ بنانے کا ہدف رکھا تھا اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کا خواب دیکھا تھا، مجھے اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ یہ کھیل مجھے اتنے بے قیمت مواقع، تجربہ، مقصد، پیار اور سب سے بڑھ کر اپنی ریاست اور اس عظیم ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دے گا‘‘۔
انہوں نے کہاکہ ’’میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ مجھے اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران جو موقع اور تعاون ملا ہے، میں ان تمام ٹیموں، فرنچائزز اور کاؤنٹی ٹیموں کا بھی شکر گزار ہوں، جن کی میں گزشتہ برسوں میں نمائندگی کرنے میں کامیاب رہا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’کھیل نے مجھے دنیا بھر میں پہنچایا ہے اور میرے لئے شائقین کی پرجوش حمایت اور توانائی ہمیشہ سے رہی ہے، میں نے جہاں بھی کھیلا ہے وہاں سے مجھے ملنے والی نیک تمناؤں اور حوصلہ افزائی کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔پجارا نے اکتوبر 2010 سے شروع ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 103 ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے کھیلے۔