نئی دہلی27اپریل: جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو پیش آئے دہشت گرد حملے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے آج (27 اپریل) اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کا موضوع اٹھایا۔ وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کا پختہ یقین دلایا اور کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کی سازشیں ہندوستان کو کامیابی کی راہ سے نہیں ہٹا سکتیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’دہشت گرد اور ان کے آقا چاہتے ہیں کہ کشمیر دوبارہ تباہی کی طرف جائے، اسی لیے اتنی بڑی سازش رچی گئی لیکن دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں 140 کروڑ ہندوستانیوں کی یکجہتی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں امن لوٹ رہا تھا، اسکول اور کالجوں میں رونقیں واپس آ رہی تھیں، نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے تھے اور سیاحت میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا تھا، جسے دشمن برداشت نہیں کر سکے۔ پہلگام کے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، ’’چاہے متاثرہ افراد کا تعلق کسی بھی ریاست سے ہو اور وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں، پورا ملک ان کے درد کو محسوس کر رہا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے حملے پر گہری افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی نے ہر ہندوستانی کو غم زدہ اور غصے سے بھر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی یہ حرکت ان کی مایوسی اور بزدلی کا ثبوت ہے کیونکہ وہ کشمیر میں بحال ہوتی امن اور ترقی کو برداشت نہیں کر پا رہے۔ وزیر اعظم مودی نے عالمی یکجہتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے قائدین نے انہیں فون کیے، خطوط لکھے اور پیغامات بھیجے اور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری لڑائی میں مکمل حمایت دے رہی ہے۔ اپنے خطاب کے آخر میں وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حملے کے منصوبہ سازوں اور مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت انصاف دلایا جائے گا۔