دوحہ، قطر17 دسمبر (یو این آئی ) فرانس کے عثمان ڈیمبیلے اور اسپین کی ایتانا بونماتی نے بالترتیب مردوں اور خواتین کے زمرے میں فیفا کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔منگل کی شب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں فٹ بال کی دنیا کے یہ دو بڑے ستارے اپنے شاندار کارناموں کے اعتراف میں نوازے گئے۔
28 سالہ عثمان ڈیمبیلے کو پیرس سینٹ جرمین ( پی ایس جی ) کے لیے ان کی شاندار کارکردگی پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے پی ایس جی کو پہلی بار چیمپئنز لیگ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جہاں فائنل میں پی ایس جی نے انٹر میلان کو 0-5 سے شکست دی۔ ڈیمبیلے نے گزشتہ سیزن کے تمام مقابلوں میں مجموعی طور پر 35 گول کیے، جن میں سے 21 گول ‘لیگ ون’ میں تھے، جس کی بدولت وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “یہ ثابت ہو گیا کہ سخت محنت رنگ لاتی ہے۔ یہ سال انفرادی اور ٹیم کے طور پر میرے لیے بہترین رہا۔بارسلونا کی مڈفیلڈر ایتانا بونماتی نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے مسلسل تیسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔ بونماتی لگاتار تین بار فیفا کی بہترین کھلاڑی قرار پانے والی پہلی خاتون فٹ بالر بن گئی ہیں۔









