نئی دہلی19جنوری: عام آدمی پارٹی کی لیڈر اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے راجدھانی میں لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط لکھ کر گزشتہ چند ماہ کے دوران دہلی میں ہونے والے مجرمانہ واقعات کا ذکر کیا ہے۔ ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ دہلی آتشی نے لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وزیر داخلہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ عآپ لیڈر نے خط میں لکھا کہ گزشتہ کچھ وقت سے، خاص طور پر حالیہ کچھ مہینوں میں دہلی میں پیش آنے والے مجرمانہ واقعات نے عام شہریوں کو خاص طور سے خواتین، بزرگوں اور تاجروں کے دلوں میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔
قتل، لوٹ پاٹ اور گولی باری کے مسلسل واقعات سے لوگوں میں ڈر و خوف کا ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ دہلی کو سیکورٹی چاہیے، خاموشی نہیں۔ اپوزیشن لیڈر آتشی نے خط میں لکھا کہ ’’میں دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے راجدھانی دہلی کے لا اینڈ آرڈر کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کے متعلق گہری تشویش کے ساتھ یہ خط لکھ رہی ہوں۔‘‘ انہوں نے اپنے خط میں کچھ واقعات کا بھی ذکر کیا ہے، جن میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے گھر کے پاس عآپ کارکن کا قتل، گریٹر کیلاش میں جِم کے باہر سرے عام قتل اور لال قلعہ کے پاس بم دھماکہ وغیرہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے عام شہریوں کے تحفظ کے نظام پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔









