نئی دہلی9مئی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ترجمان ڈاکٹر راگنی نایک بسویا نے آج اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر، 24 اکبر روڈ پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد ہندوستانی فوج کے جوابی کارروائی ‘آپریشن سندور پر تفصیلی بیان دیا۔ پریس کانفرنس کی ابتدا ڈاکٹر نایک نے حب الوطنی پر مبنی ہندی شاعری سے کی اور فوج کے شجاعانہ کردار کو سلام پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کا دن ملک کی تینوں افواج—بری، بحری اور فضائیہ—کے لیے فخر کا دن ہے جنہوں نے اپنی جان کی بازی لگا کر ملک کی خودمختاری کا دفاع کیا۔ اُنہوں نے آپریشن سندور کو ایک عظیم الشان اور فیصلہ کن قدم قرار دیا جو پاکستان کے دہشت گردی کے نیٹ ورک پر کاری ضرب ہے۔ ڈاکٹر نایک نے کہا کہ پہلگام میں نہتے اور معصوم سیاحوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ حرکت تھی جس میں حملہ آور مذہب کی بنیاد پر شناخت کرکے لوگوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے لیکن ساتھ ہی قوم میں اتحاد اور یکجہتی کا جذبہ بھی بھرپور ہے۔ انہوں نے خاص طور پر کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ ایک شادی شدہ ہندوستانی خاتون کے سنگھار، خاص طور پر سندور کی حرمت کیا معنی رکھتی ہے۔ یہ صرف ایک ذاتی علامت نہیں بلکہ قوم کی عزت، غیرت اور عزم کی علامت بن چکی ہے۔ دریں اثنا، انہوں نے کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک گیر یاترا کا بھی تذکرہ کیا، جسے پارٹی نے قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانگریس ترجمان نے بتایا کہ ’جے ہند یاترا‘ ملک بھر میں نکالی جائے گی تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ ہندوستانی قوم مذہب، زبان اور علاقائیت سے بالاتر ہو کر ملک کی خودمختاری کے لیے متحد ہے۔ اس یاترا کے ذریعے ملک کے عوام اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا مظاہرہ کریں گے۔