پٹنہ 9اکتوبر: بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ایک بڑا اعلان کر برسراقتدار طبقہ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کے بعد بہار کے ہر اُس کنبہ کے ایک ملازم کو سرکاری ملازمت دی جائے گی، جس کنبہ میں کوئی سرکاری ملازم نہیں ہے۔ اس کے لیے تیجسوی یادو نے نیا قانون بنا کر راہ ہموار کرنے کی بات کہی ہے۔ تیجسوی کا کہنا ہے کہ حکومت بننے کے 20 دنوں کے اندر ہی ایکٹ بنا کر 20 مہینوں میں اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ یعنی مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کے 2 سالوں کے اندر ہر گھر میں کم از کم ایک سرکاری ملازم ضرور ہوگا۔ تیجسوی یادو نے برسراقتدار طبقہ پر مہاگٹھ بندھن کے اعلانات کی نقل کرنے کا الزام بھی عائد کیا، اور کہا کہ آر جے ڈی کا ویژن بہت صاف ہے، پارٹی کو معلوم ہے کہ ریاست سے بے روزگاری کس طرح دور کرنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایسا کوئی گھر نہیں بچے گا جس کے پاس سرکاری ملازمت نہیں ہوگی۔ حکومت بنتے ہی 20 مہینے کے اندر ملازمت دینے کا کام کریں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے 20 سالوں تک کوئی ملازمت نہیں دی ہے۔ ہم 20 دنوں میں ایکٹ بنائیں گے۔‘‘ تیجسوی یادو نے کہا کہ 2020 میں ہم نے اعلان کیا تھا کہ حکومت بنتے ہی 10 لاکھ لوگوں کو ملازمت دیں گے۔ موجودہ وزیر اعلیٰ نے اُس وقت سوال کیا تھا کہ یہ ممکن ہے کیا؟ اس کے لیے پیسہ کہاں سے آئے گا؟ اپنے باپ کے پاس سے لائے گا کیا؟ پھر حکومت بننے کے 2 سال بعد بھی کسی کو ملازمت یا روزگار نہیں ملا۔ 20 سال سے حکومت سے ملازمت اور بے روزگاری پر تبادلہ خیال تک نہیں کیا ہے۔
تین کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط
باندہ:9 اکتوبر(یواین آئی) اتر پردیش کے ضلع باندہ کے مٹونڈھ تھانہ علاقے میں پولیس نے اڈیشہ سے آئے ایک ٹرک سے تین کروڑ روپے مالیت کا غیر قانونی گانجہ برآمد کیا۔ پولیس نے موقع پر ہی ٹرک کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کیا جبکہ کلیدی اسمگلر اور ٹرک کنڈکٹر فرار ہیں۔ اے ایس پی شیو راج نے جمعرات دوپہر پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ رات گانجہ اسمگلنگ کی اطلاع پر ایس او جی اور مٹونڈھ تھانہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے بیریئر لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی۔