بھوپال:30؍ستمبر:وزیرسماجی انصاف اور معذور افراد بہبود مسٹر نارائن سنگھ کشواہ کی خصوصی موجودگی میں یکم اکتوبر کو بین الاقوامی یومِ معمر افراد کے موقع پر ریاستی سطح کا پروگرام منعقد ہوگا۔ بزرگ شہریوں کے احترام، صحت اور باوقار زندگی کے عزم پر مبنی یہ پروگرام آر۔سی۔وی۔پی۔ نرونہا انتظامی اکیڈمی، بھوپال کے گولڈن جوبلی آڈیٹوریم میں صبح 11 بجے ہوگا۔ پروگرام میں 500 سے زیادہ بزرگ شہری اور معزز افراد شرکت کریں گے۔ بین الاقوامی یومِ معمر افراد پر ریاست کے تمام اضلاع میں بزرگ شہریوں کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
100 سال کی عمر مکمل کرنے والے بزرگوں کا خصوصی اعزاز ہوگا
ریاست کے ہر ضلع میں 100 سال یا اس سے زیادہ عمر مکمل کر چکے بزرگ شہریوں کی شناخت کرکے انہیں ‘صد سالہ اعزاز’ سے نوازا جائے گا۔ صد سالہ بزرگوں کو شال اور شری پھل پیش کرکے ان کی طویل زندگی اور معاشرے کے لیے دی گئی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا۔ اولڈ ایج ہومز میں رہنے والے بزرگوں اور دیگر معمر افراد سے بات چیت کرکے ان کی ضروریات اور مسائل کی معلومات بھی حاصل کی جائیں گی۔بزرگوں کی فعال شرکت اور تفریح کے لیے کیرم، لْڈو، شطرنج، گیت و موسیقی سمیت مختلف اندرونی سرگرمیوں اور مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ ان پروگراموں کا مقصد بزرگ شہریوں کو سماجی طور پر فعال رکھنے کے ساتھ ان کے درمیان بات چیت اور شرکت کا ماحول تیار کرنا ہے۔
بزرگ شہریوں کی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے قومی صحت مشن، ضلعی اسپتالوں، سول ڈسپنسریوں اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں کے تال میل سے خصوصی صحت جانچ کیمپ لگائے جائیں گے۔ ان میں بلڈ پریشر، ذیابیطس، آنکھوں کی جانچ سمیت عام صحت کی جانچ کی سہولت دستیاب ہوگی۔بدلتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں بزرگ شہریوں کو بااختیار بنانے کے لیے موبائل فون، انٹرنیٹ، ڈیجیٹل خدمات اور کمپیوٹر کے استعمال سے متعلق تربیتی اور بیداری کے کیمپ بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس سے بزرگ افراد ڈیجیٹل خدمات کا زیادہ آسانی سے استعمال کر سکیں گے۔
حقوق اور امدادی نظام کی بھی معلومات دی جائے گی
بزرگ شہریوں کو والدین اور بزرگ شہریوں کی کفالت و بہبود ایکٹ-2007 اور مدھیہ پردیش قواعد-2009 کے تحت دستیاب حقوق، امداد اور شکایات کے ازالے کے نظام کے بارے میں معلومات دی جائیں گی۔ ان کے مسائل اور شکایات کے فوری حل کے لیے چلائی جانے والی ایلڈر لائن ہیلپ لائن 14567 کے بارے میں بھی وسیع پیمانے پر بیداری مہم چلائی جائے گی۔سال 2026 کے بین الاقوامی یومِ معمر افراد کی تھیم ‘‘وقار کے ساتھ بڑھاپا: بزرگ شہریوں کے لیے نگہداشت اور معاونت کے نظام کو مضبوط بنانے کی اہمیت’’ کو مرکز میں رکھتے ہوئے ریاست بھر کے پروگراموں میں بزرگوں کے احترام، نگہداشت، صحت، حقوق اور سماجی شرکت پر خصوصی زور رہے گا۔ ضلعی سطح کے پروگراموں میں وزراء، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔









