گیا، 9 مئی (یو این آئی) بہار میں جاری کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں اوڈیشہ کی لڑکیوں نے زبردست الٹ پھیر کرتے ہوئے کھو-کھو کے انڈر 18 زمرے میں پاور ہاؤس مہاراشٹرا کو سنسنی خیز مقابلے میں 34-31 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا،نیز اوڈیشہ کے لڑکوں کو اسی زمرے میں مہاراشٹر سے 25-4 سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ بپارڈ کیمپس، گیا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سمرنیکا ساہو (12 پوائنٹس) کی کپتانی میں اوڈیشہ کی ٹیم نے پیچھے رہنے کے باوجود زبردست واپسی کرتے ہوئے میچ کا رخ پلٹ کر تاریخ رقم کردی۔ سال 2024 کے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی یہ ٹیم اس بار اپنے تمغے کا رنگ سونے میں بدلنے میں کامیاب رہی۔تاہم اوڈیشہ کے لڑکوں کو طلائی تمغہ نہیں مل سکا لیکن ان کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔ انہوں نے مہاراشٹر جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اپنی بہترین کوششیں کیں اور چاندی کا تمغہ جیت کر ریاست کا نام روشن کیا۔ اوڈیشہ ٹیم کے کوچ پارتھا مہاپاترا نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو ‘تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا، یہ صرف ٹریلر تھا، پکچر آنا باقی ہے۔ ہماری لڑکیوں نے چیمپئن بننے کا جو خواب دیکھا تھا، اسے پوراکیا۔انہوں نے اوڈیشہ حکومت کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہائی پرفارمنس سنٹر، پوری میں برسوں کی محنت اب رنگ لارہی ہے۔