نئی دہلی 12مئی: نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے آج ملک گیر سطح پر ’شکتی مارچ‘ کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد ہندوستان کی سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی فیصلہ کن قیادت کو احترام دینا اور ملک کی خدمت میں قربانی دینے والے ہندوستانی فوجیوں کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ یہ ’شکتی مارچ‘ راجدھانی دہلی میں این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری کی قیادت میں نکالا گیا، جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں طلبا و نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس مارچ کے ذریعہ سے نوجوانوں نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کے تئیں اٹوٹ حمایت بھی ظاہر کی۔ اس موقع پر ورون چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہندوستان کو اندرا گاندھی جیسی مضبوط عزم والی قیادت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے 1971 میں پاکستان کو تاریخی جواب دیا اور کبھی بھی قومی سیکورٹی سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ آج جب پاکستان لگاتار دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، تو حکومت کو بھی اسی ہمت اور فیصلہ کن انداز میں جواب دینا چاہیے۔‘‘ ورون چودھری کا کہنا ہے کہ ہندوستان 1.4 ارب شہریوں والا ایک جمہوری ملک ہے۔
ہمارے فیصلے صرف قومی مفادات کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ کسی بھی غیر ملکی طاقت یا ثالثی کے اثرات ہمارے فیصلوں پر نہیں پڑنا چاہیے۔ قومی سیکورٹی اور سرحد کے ایشو پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ آج ’شکتی مارچ‘ کے ذریعہ سے این ایس یو آئی نے ہندوستانی مسلح افواج اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ ساتھ ہی مارچ میں شامل طلبا و نوجوانوں نے قومی یکجہتی و بے خوف قیادت کے تئیں اپنے عزائم کو دہرایا۔ این ایس یو آئی نے ملک کی حفاظت کرنے والوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہنے اور اندرا گاندھی کی باہمت و دور اندیش وراثت کو بنائے رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔