راجگیر (بہار)، 08 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ہیرو ایشیا کپ 2025 کا خطاب جیتنے کے بعد تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اب ہماری پوری توجہ ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ پر مرکوز رہے گی۔ہرمن پریت سنگھ نے کہا تمام کھلاڑی جانتے تھے کہ ہمیں یہ میچ جیتنا ہے اور ہم نے خود سے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ ایشیا کی نمبر ایک ٹیم کے طور پر ٹورنامنٹ میں ہونی کے ساتھ ہم اپنی توقعات پر پورا اترنا چاہتے تھے۔ اگرچہ ہم نے اپنی توقعات کے مطابق آغاز نہیں کیا، خاص طور پر آخری تین میچوں میں ہم نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک ٹیم کے طور پر میں اپنی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔ کوریا کے خلاف ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے تجربہ کار ڈریگ فلکر نے کہا ہر میچ کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے۔ کوریا کے خلاف 2-2 سے ڈرا ایک ایسا دھچکا تھا جسے ہم فراموش کرنا چاہتے تھے اور ہم نے فائنل میں اس کا رخ موڑ دیا۔ میں خاص طور پر ٹیم کے دفاع کی تعریف کرنا چاہوں گا۔ ہر کھلاڑی نے مضبوط دفاع میں کردار ادا کیا۔ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہا گرم حالات میں 10 دنوں میں سات میچ کھیلنا آسان نہیں ہے، یہ واقعی مشکل ہے، لیکن مجھے ٹیم پر فخر ہے اور وہ واقعی چیمپئن کی طرح کھیلے ہیں۔ اگرچہ ہم نے کوریا کے ساتھ سپر فور میں ڈرا کیا، ہمارے ان سے تین گنا زیادہ پوائنٹس تھے، ہم اس رات میچ ختم نہیں کرسکے، لیکن اس نے ہمیں فائنل کے لیے تیاری کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ہمارے لئے ملائیشیا کے ساتھ میچ کوارٹر فائنل جیسا،چین کے ساتھ میچ ایک سیمی فائنل جیسا تھا اور اس میچ نے واقعی ہمیں دکھایا کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔فلٹن نے کہا 2026 کے اوائل میں پرو لیگ سیزن شروع ہونے سے پہلے سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ، جنوبی افریقہ کا دورہ اور پھر ہاکی انڈیا لیگ ہے۔ ہمارے پاس ورلڈ کپ کے لیے اچھی تیاری کے لیے ایک سال ہے، لیکن فی الحال ہم اس فتح کا بھرپور لطف اٹھائیں گے۔









