بھوپال:05؍مئی:(پریس ریلیز) مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، بہار، پنجاب اور بنگال اور آس پاس کی ریاستوں کے خلیجی ممالک سمیت دیگر ممالک میں کام کرنے والے تارکین ہندوستانی نژاد مزدوروں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ اب بھوپال کے ہندوستانی سماجی کارکن سید عابد حسین عرف بجرنگی بھائی جان وہاں کام کرنے والے ہندوستانی مزدوروں کے ملکوں میں جاکر زمینی حقیقت سے روبرو ہوتے ہوئے ان کی وطن واپسی سے لے کر دیگر قانونی مدد بھی مہیا کرائیں گے۔ضلع کے بسکھاری علاقے کے رودر پور بھگاہی رہائشی اور 20 سال سے بھوپال میں مقیم سید عابد حسین عرف بجرنگی بھائی جان کو معروف تنظیم ایم انڈیا فورم (لکشیہ بھارت منچ) نے گلوبل کمیونٹی افیئرس کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ کاؤنسلیٹ جنرل آف انڈیا کے معاون پارٹنر کے طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ہندوستان میں ایم انڈیا فورم کام کرتا ہے۔ گلوبل کمیونٹی افیئرس کا سیکرٹری بنائے جانے پر عابد حسین عرف بجرنگی بھائی جان نے ایم انڈیا فورم کے بانی/چیئرمین شیخ مظفر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ پہلے بجرنگی بھائی جان کے نام سے مشہور عابد حسین سعودی عرب، عمان، کویت، عراق، ایران، قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی اور دنیا کے دیگر ممالک میں پھنسے ہندوستانی مزدوروں کی وطن واپسی اور ہندوستانی سفارت خانے اور متعلقہ ممالک کے حکام سے خط و کتابت اور ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کرکے متوفی مزدوروں کی لاشوں کو ہندوستان واپس لانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ لیکن نیا عہدہ ملنے کے بعد بجرنگی بھائی جان خلیجی ممالک کا دورہ کریں گے اور بیرون ملک میں مقیم ہندوستانی مزدوروں سے ملاقات کرکے وطن واپسی سے لے کر دیگر معاملات میں انھیں آگاہ کرنے کے ساتھ ہی قانونی امداد بھی فراہم کرائیں گے۔