نیویارک، 25 اگست (یو این آئی) چوبیس بار کے گرینڈ سلام چیمپئن نوواک جوکووچ نے یو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ میں پرجوش نوجوان لرنر ٹِیئن کو شکست دے کر مقابلے کے دوسرے دور میں جگہ بنالی ہے۔آرتھر ایش اسٹیڈیم میں اتوار کی رات کھیلے گئے مردوں کے سنگلز میچ میں ساتویں سیڈ جوکووچ نے 19 سالہ امریکی کھلاڑی کو دو گھنٹے 25 منٹ میں 6-1، 7-6(3)، 6-2 سے شکست دی۔ومبلڈن کے بعد پہلی بار کھیلنے والے 38 سالہ سربیائی کھلاڑی نے شاندار آغاز کیا اور محض 24 منٹ کے ابتدائی سیٹ میں صرف ایک گیم گنوایا۔ تاہم، نائٹ سیشن میں ڈیبیو کرنے والے ٹِین نے زبردست بیس لائن کھیل اور گھریلو شائقین کی حمایت سے جوکووچ کو سخت ٹکر دی اور دوسرے سیٹ میں ایک سیٹ پوائنٹ بھی حاصل کیا۔میچ کے بعد جوکووچ نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ دوسرے سیٹ میں تحمل برقرار رکھنا اور ٹائی بریک میں جیت حاصل کرنا میرے لیے نہایت اہم تھا۔ اس کے بعد مجھے بہتر محسوس ہوا۔ میں جانتا ہوں کہ میں ہمیشہ اور بہتر کر سکتا ہوں، لیکن اس سال کی مہم کا آغاز کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔‘‘