ممبئی 6جنوری: مہاراشٹر میں بڑھی ہوئی سیاسی ہلچل کے درمیان بیان بازیوں کا ایک دراز سلسلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بی ایم سی انتخاب کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، یہی سبب ہے کہ تلخ بیان بازی اور الزامات عائد کیے جانے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ گزشتہ روز مہاراشٹر بی جے پی صدر رویندر چوہان نے اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ ولاس راؤ دیشمکھ کے بارے میں کچھ ایسا کہہ دیا، جس نے تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ دراصل رویندر چوہان نے ولاس راؤ دیشمکھ کی یادوں کو ان کے آبائی شہر لاتور سے مٹا دینے کی بات کہی تھی، جس پر ولاس راؤ کے بیٹے اور مشہور اداکار رتیشھ دیشمکھ کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ رتیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو ڈالی ہے جس میں کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’میرے والد آنجہانی ولاس راؤ دیشمکھ لوگوں کے من میں بسے ہیں۔ لوگوں کے لیے اپنی پوری زندگی لگا دینے والے کا نام لوگوں کے من پر لکھا ہوتا ہے، اسے کوئی نہیں مٹا سکتا ہے۔‘‘ مراٹھی زبان میں پوسٹ کی گئی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے اور مہاراشٹر بی جے پی صدر کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ ایک دن قبل ہی کانگریس نے بھی مہاراشٹر بی جے پی صدر کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ جو بیان مہاراشٹر بی جے پی صدر نے دیا، وہ دیشمکھ کی وراثت کے تئیں ان کی لاعلمی ظاہر کرنے والی ہے، اور یہ اقتدار کا تکبر بھی ہے۔ کانگریس نے یہ بھی کہا کہ ولاس راؤ دیشمکھ نے لاتور کو قومی شناخت دلائی اور اپنی پوری زندگی ضلع کی ترقی کے لیے وقف کر دی۔









