کولکتہ،5 مارچ (یواین آئی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ٹیم کے منہ پر ایک ‘زوردار تھپڑ قرار دیا ہے۔ مسلسل فتوحات کے بعد سیمی فائنل میں اس طرح کی ناکامی نے پروٹیز کیمپ میں مایوسی کی لہر دوڑا دی ہے۔
ایڈن گارڈنز میں میچ کے بعد ہونے والی تقریبِ تقسیمِ انعامات کے دوران مارکرم کافی شکستہ دل نظر آئے۔ مارکرم کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ بھر میں ناقابلِ شکست رہنے کے بعد اس مرحلے پر ایسی کارکردگی کسی صدمے سے کم نہیں۔ کپتان کے مطابق ایڈن گارڈنز کی پچ 190 رنز کے لیے موزوں تھی، تاہم بلے بازوں کے غیر روایتی انداز نے ٹیم کو صرف 169 رنز تک محدود کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کو پہلے اس جذباتی دھچکے سے نکلنے کا موقع دے گی، جس کے بعد شکست کی وجوہات کا تفصیلی پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
جنوبی افریقہ کی شکست محض ایک ہار نہیں تھی بلکہ کیوی بلے بازوں نے ان کی بالنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ نیوزی لینڈ نے 170 رنز کا ہدف صرف 12.5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کر کے سب کو ورطہِ حیرت میں ڈال دیا۔ کیوی اوپنر نے محض 33 گیندوں پر ناقابلِ شکست سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ دلوا دیا۔پروٹیز بالنگ کی بے بسی: مارکو جانسن سمیت جنوبی افریقہ کا کوئی بھی باؤلر فن ایلن کے طوفان کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔









