پٹنہ، 09 مئی (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج بیگوسرائے ضلع میں واقع ’کھیلو انڈیا یوتھ گیمز2025 کے اسپورٹس کمپلیکس کا معائنہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔جمعہ کو بیگوسرائے ضلع کے تیگھڑا بلاک میں یمنابھگت اسٹیڈیم میں بنائے گئے اسپورٹس کمپلیکس کا معائنہ کرتے ہوئے مسٹر کمار نے مقابلے میں حصہ لینے والے مغربی بنگال، دہلی، چندی گڑھ، میزورم، میگھالیہ، اوڈیشہ، جھارکھنڈ اور بہار کے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے یمنا بھگت اسٹیڈیم میں آندھرا پردیش اور ہریانہ کی خواتین کھلاڑیوں کے درمیان فٹ بال میچ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اسٹیڈیم کمپلیکس کا دورہ کیا اور مختلف ریاستوں سے آئے کھلاڑیوں اور شائقین کا ہاتھ ہلا کر استقبال کیا۔ اس دوران کھلاڑیوں اورشائقین نے بھی تالیاں بجا کر وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔پروگرام میں وزیر کھیل سریندر مہتا اور بیگوسرائے کے ضلع مجسٹریٹ تشار سنگلا نے وزیر اعلیٰ کو پھولوں کا گلدستہ، ایک یادگاری نشان اور’کھیلو انڈیا‘ کٹ پیش کرکے ان کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر مرکزی ٹیکسٹائل وزیر گری راج سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، آبی وسائل و پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، محصولات و اصلاحات اراضی اور بیگوسرائے ضلع کے انچارج وزیر سنجے سراؤگی، ایم ایل اے راج کمار سنگھ، سابق وزیر منجو ورما، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری دیپک کمار، جنرل ایڈمنسٹریشن کم کھیل محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر بی راجندر ، وزیراعلیٰ کے سکریٹری کمار روی، بیگوسرائے رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس آشیش بھارتی، ضلع مجسٹریٹ کے علاوہ پولیس سپرنٹنڈنٹ منیش سمیت دیگر افراد موجود تھے ۔