ریو ڈی جنیرو، 26 اگست (یواین آئی) مسلسل چوٹ کا سامنا کررہے نیما ر کو چلی اور بولیویا کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے برازیل کی ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے ۔33 سالہ سینٹوس فارورڈ نے اکتوبر 2023 کے بعد برازیل کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلا جب یوروگوئے کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران ان کے بائیں گھٹنے میں اینٹیریر کروسیئٹ لیگامینٹ پھٹ گیا تھا۔مسلسل پٹھوں کی تکالیف ان کی ریکوری میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں اور گزشتہ جمعرات کو تربیت کے دوران ان کی ران میں دوبارہ کھنچاؤ آگیا۔برازیل کے کوچ کارلو اینچیلوتی نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں کہا: “نیما ر ٹیم میں شامل نہیں ہیں کیونکہ گزشتہ ہفتے انہیں ایک مسئلہ ہوا تھا۔ لیکن ہمیں نیما ر کو پرکھنے کی ضرورت نہیں۔ تکنیکی عملے سے لے کر مداحوں تک سب انہیں جانتے ہیں۔ باقی سب کی طرح نیما ر کو بھی اچھی جسمانی حالت میں رہنا ہوگا تاکہ وہ قومی ٹیم کی مدد کرسکیں اور ورلڈ کپ میں اچھا کھیل سکیں۔اگلے سال ہونے والے فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے لیے برازیل پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔ وہ 4 ستمبر کو ریو ڈی جنیرو میں چلی کے خلاف اور پانچ دن بعد ایل آلٹو میں بولیویا کے خلاف کھیلے گا۔