ہیملٹن، 22 نومبر (یو این آئی) میٹ ہینری (چار وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کے بعد مارک چیپ مین (64) اور مائیکل بریسویل (ناٹ آؤٹ 40) کی شاندار بلے بازی کے دم پر نیوزی لینڈ نے ہفتہ کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 117 گیندیں باقی رہتے ہوئے چار وکٹوں سے ہرا دیا۔ اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز بھی 3-0 سے اپنے نام کر لی۔ میٹ ہینری کو ‘پلیئر آف دی میچ اور کائل جیمی سن کو ‘پلیئر آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ 162 رن کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے اُتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 32 کے اسکور پر اپنی تین وکٹ گنوا دیں۔ ڈیون کونوے (11)، رچن رویندر (14) اور وِل ینگ (تین) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایسے مشکل وقت میں مارک چیپ مین اور ٹام لیتھم نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 38 رن جوڑے۔ اسی دوران 20ویں اوور میں روسٹن چیس نے ٹام لیتھم (10) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو چوتھا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے مائیکل بریسویل نے مارک چیپ مین کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 75 رن جوڑ کر اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ 28ویں اوور میں جیڈن سیلز نے مارک چیپ مین کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو پانچویں کامیابی دلائی۔ مارک چیپ مین نے 63 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رن کی اننگز کھیلی۔ مچل سینٹنر (نو رن )چھٹے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے 30.3 اوور میں چھ وکٹ پر 162 رن بنا کر مقابلہ چار وکٹ سے جیت لیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے میتھیو فورڈ اور جیڈن سیلز نے دو دو وکٹ لیے۔ شمار اسپرنگر اور روسٹن چیس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے آج یہاں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اُتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم نیوزی لینڈ کے گیند بازی اٹیک کے آگے 36.2 اوور میں 161 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ جان کیمپبل اور اکیم اگیست کی اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 31 رن جوڑے۔ پانچویں اوور میں میٹ ہینری نے اگست (17) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اسی اوور کی آخری گیند پر انہوں نے کے سی کارٹی (صفر) کا بھی شکار کر لیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے کپتان شائی ہوپ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔









