نیپئر، 29 مارچ (یو این آئی) مارک چیپ مین (132) اور ڈیرل مچل (76) کے درمیان 199 رنز کی شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہفتہ کو یہاں پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے کر بڑی جیت درج کی۔میکلین پارک میں بیٹنگ کے لیے آنے والی میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں پر 344 رنز کا مضبوط اسکور بنایاجس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 44.1 اوورز میں 271 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جیت میں بلے بازوں کا اہم کردار رہا۔ ابتدائی تین وکٹیں محض 50 رنز پر گرنے کے بعد میزبان ٹیم پر دباؤ بڑھنے کا امکان پیدا ہو گیا تھا، مگر چیپمین اور مچل نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستانی بولنگ اٹیک کی دھجیاں اڑاتے ہوئے میدان کے چاروں طرف شاندار شاٹس کھیلے۔ اننگز کے 42ویں اوور میں عرفان خان کی گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے مچل نے چار چوکے اور اتنے ہی چھکے لگائے تھے۔ دوسری طرف چیپمین نے بھی پاکستانی گیند بازوں کی جم کر پٹائی کی تاہم وہ بھی جلدی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ چیپمین نے اپنی شاندار سنچری میں 111 گیندوں پر 13 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔جواب میں بابر اعظم (83 گیندوں پر 78) کی شاندار اننگز اور عثمان خان (39)، عبداللہ شفیق (36) اور سلمان آغا (58) کی شاندار بلے بازی کے باوجود پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ ز کے بڑے ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ وقفے وقفے سے وکٹوں کا گرنا بھی ٹیم کی شکست کا سبب بنا۔ کپتان محمد رضوان 30 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے باؤلنگ اٹیک کی قیادت نیتھن اسمتھ نے سنبھالی جنہوں نے 8.1 اوورز کے اپنے اسپیل میں 60 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ جیکب ڈفی (2/57) اور مائیکل بریسویل (1/60) نے بھی پاکستان کی بیٹنگ کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سیریز کا دوسرا ون ڈے اسی گراؤنڈ پر 31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔