نئی دہلی، 9 اپریل (یو این آئی) مرکزی کابینہ نے کمان ایریا ڈیولپمنٹ اینڈ ماڈرنائزیشن آف واٹر مینجمنٹ کو پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا کی ایک ذیلی اسکیم کے طور پر 2025-26 کی مدت کے لیے 1600 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے میٹنگ کے بعد یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس اسکیم کا مقصد آبپاشی کے پانی کی فراہمی کے نظام کو جدید بنانا ہے تاکہ موجودہ نہروں یا دیگر ذرائع سے مخصوص علاقوں کو آبپاشی کا پانی فراہم کیا جا سکے۔ اس سے کھیتوں میں آبپاشی کا نیا نظام تیار ہو گا۔ اس سے کسانوں کی ایک ہیکٹر تک کی مائیکرو اریگیشن کے لیے زیر زمین پائپ آبپاشی کے لیے مضبوط انفراسٹرکچر تیار ہوگا۔ اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس سے پانی کے استعمال کی کارکردگی، زرعی پیداوار اور فارم کی سطح پر پیداوار میں اضافہ ہوگا اور اس طرح کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اس کے لیے بنائی گئی واٹر کمیٹیوں کو پانچ سال کے لیے مالی مدد دی جائے گی اور نوجوانوں کو آبپاشی کے جدید طریقے اپنانے کے لیے کاشتکاری کی طرف راغب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور ہریانہ جیسی ریاستوں کو اس سے فائدہ ہوگا۔ ابتدائی طور پر 78 اسکیمیں آزمائشی بنیادوں پر شروع کی جائیں گی۔