بھوپال، 2 جنوری (یو این آئی ) ہندوستانی شوٹر نیرج کمار نے بھوپال میں منعقدہ 68 ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے 50 میٹر ‘3 پوزیشن’ کیٹیگری میں سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے بعد اب ان کی نظریں اولمپک میں میڈل جیتنے پر مرکوز ہیں۔
پنجاب کے شہر ہوشیار پور کے رہائشی اور ورلڈ کپ گولڈ میڈلسٹ نیرج کمار نے اپنی کامیابی کی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ایک چھوٹے سے سرحدی قصبے سے نکل کر نیشنل پوڈیم تک پہنچنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔ ان کے شوٹنگ کیریئر کا آغاز 2014 میں نیشنل کیڈٹ کور (NCC) سے ہوا۔ابتدائی طور پر انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انڈین نیوی میں سلیکشن کے بعد ان کے خاندان نے ان کی بھرپور حمایت شروع کی۔نیرج کمار نے ہندوستان میں شروع ہونے والی نئی ‘شوٹنگ لیگ آف انڈیا’ کے حوالے سے انتہائی جوش و خروش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ
یہ لیگ نوجوان ایتھلیٹس اور ان کے خاندانوں کے لیے شوٹنگ کو بطور بہترین کیریئر اپنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ خاندان اکثر اسی وقت بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جب وہ اپنے سامنے کامیاب مثالیں دیکھتے ہیں۔
نیرج نے اس بات پر زور دیا کہ یہ لیگ مقامی کھلاڑیوں کو ہنگری کے ورلڈ چیمپئن استوان پینی اور ہندوستانی ساتھی کرن جادھو جیسے بین الاقوامی ستاروں کے ساتھ مل کر کھیلنے اور ان سے سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔









