بھو پال، 10 اکتوبر: — مدھیہ پردیش ڈاک سرکل، بھوپال کی جانب سے 6 سے 10 اکتوبر تک “قومی ڈاک ہفتہ” جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تقریبات اور عوامی رابطہ پروگرام منعقد کیے گئے، جن کا مقصد عوام کو ڈاک خدمات کی وسعت، بھروسے اور جدیدیت سے روشناس کرانا تھا۔ 9/ اکتوبر کو عالمی سطح پر “عالمی ڈاک دن” کے طور پر منایا گیا۔ اسی دن 1874 میں یونیورسل پوسٹل یونین (UPU) کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس سال کا تھیم “#Post for People: Local Service, Global Reach یعنی “عوام کے لیے ڈاک — مقامی خدمت، عالمی رسائی” رکھا گیا۔ ہفتہ بھر جاری پروگراموں میں 6 اکتوبر کو یکنالوجی ڈے” پر محکمہ کی نئی تکنیکی پیش رفت *APT 2.0* کا تعارف اور کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا۔ 7 اکتوبر کو “مالی شمولیت دن” پر ریاست بھر میں کیمپس لگا کر عوام کو ڈاک لائف انشورنس، دیہی انشورنس، بچت بینک اور IPPB اسکیموں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر 8452 نئے کھاتے کھولے گئے جن میں 3179 سُکنیا سمِرِدھی کھاتے شامل تھے۔ 8 اکتوبر کو “فلیٹلی اور شہری خدمات دن” کے موقع پر اسکولوں میں “ڈھائی آکھر” خط نویسی مقابلہ اور آدھار اپڈیٹ کیمپس منعقد ہوئے، جبکہ خصوصی ڈاک مہر بھی جاری کی گئی۔ 9 اکتوبر کو “ایک پودا ماؤں کے نام” مہم کے تحت شجرکاری اور “پوسٹوتھون” ریلی نکالی گئی۔ اختتامی دن 10 اکتوبر کو “صارف دن” کے طور پر منایا گیا، جس میں نکڑ ناٹک، صارف اجلاس اور پریس کانفرنسوں کے ذریعے عوامی رابطہ کیا گیا۔
ڈاک محکمہ نے روایت اور جدیدیت کے امتزاج سے خود کو عوامی خدمت کے ایک مضبوط پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا ہے، جو دیہی سے شہری سطح تک مالی شمولیت اور ڈیجیٹل ترقی کے اہداف کو فروغ دے رہا ہے۔