بنگلورو، 4 ستمبر (یواین آئی) نارائن جگدیسن (ناٹ آؤٹ 148) کی سینچری اننگ کی بدولت ساؤتھ زون نے جمعرات کو دلیپ ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں نارتھ زون کے خلاف اسٹمپ تک تین وکٹ پر 297 رن بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔آج یہاں نارتھ زون نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ساؤتھ زون کے لئے نارائن جگدیسن اور تنمے اگروال کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 103 رنز جوڑے۔ 32ویں اوور میں نشانت سندھو نے تنمے اگروال (43) کو بولڈ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے دیو دت پڈیکل نے نارائن جگدیشن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 128 رنز جوڑ کر ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف گامزن کیا۔ 60ویں اوور میں انشول کمبوج نے دیودت پڈیکل (57) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ 68ویں اوور میں سندھو نے موہت کالے (15) کو آؤٹ کرکے ساؤتھ زون کو تیسرا جھٹکا دیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت ساؤتھ زون نے 81 اوورز میں 3 وکٹوں پر 297 رنز بنالئے ہیں اور نارائن جگدیشن )ناٹ آؤٹ 148( اور کپتان محمد اظہر الدین (ناٹ آؤٹ 11) کریز پر موجودتھے۔نارتھ زون کی جانب سے نشانت سندھو نے دو اور انشول کمبوج نے ایک وکٹ حاصل کیا۔