نئی دہلی25نومبر: موسیقار اسماعیل دربار کی والدہ کی موت سے متعلق 2009 کے معاملے میں سورت کی ضلعی عدالت نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ڈاکٹر پریش بھجیاوالا کو طبی غفلت کا قصوروار قرار دیا ہے۔ اس غفلت کے لیے انہیں 2 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں تسلیم کیا کہ علاج کے دوران سنگین لاپروائی کے باعث 70 سالہ زیتون بی بی کی جان گئی تھی۔ تقریباً 17 سال تک جاری رہنے والی طویل قانونی لڑائی اور سماعت کے بعد آنے والا یہ فیصلہ اب سرخیوں میں ہے۔ شکایت کنندہ اور استغاثہ کے وکیل کیتن ریشم والا کی دلیلیں سننے کے بعد سورت کے ڈاکٹر پریش بھجیاوالا کو قصوروار ٹھہرایا گیا۔ اس فیصلہ کے بعد طبی شعبہ میں بھی خاصی بحث اور ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ وکیل کیتن ریشم والا کے مطابق تحقیقات اور مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ نے 16 سے زیادہ گواہوں سے پوچھ گچھ کی اور ان کے بیانات درج کرائے۔ ان میں اسماعیل دربار کے اہل خانہ کے علاوہ علاج سے وابستہ ماہر ڈاکٹر، دیگر معالجین اور پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر بھی شامل تھے، جن سے بطور گواہ جرح کی گئی۔
ابتدا میں ڈاکٹر پریش بھجیاوالا، نرس چنچوبین اور اسپتال کے ذمہ دار ڈاکٹروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، لیکن تحقیقاتی افسر نے اس وقت ایم بی بی ایس کی ڈگری رکھنے والے اور اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر پریش بھجیاوالا اور نرس چنچوبین کے خلاف ہی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ یہ واقعہ جنوری 2009 میں سورت کے گریش گروپ آف ہاسپیٹل (جی جی ایچ) میں پیش آیا تھا۔ اسماعیل دربار کی والدہ زیتون بی بی کو بخار اور دیگر بیماریوں کی شکایت کے بعد یہاں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا۔
علاج کے دوران کمر میں درد ہونے پر اسپتال کے عملہ نے ان کی کمر پر گرم پانی کی تھیلی (ہیٹ بیگ) رکھی تھی۔ اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹر کی سنگین لاپروائی کے باعث گرم پانی کی یہ تھیلی پوری رات ان کے جسم کے نیچے دبی رہی۔