نئی دہلی، 13 اپریل (یواین آئی) تلک ورما (59)، ریان رکلٹن (41) اور سوریہ کمار یادو (40) کی شاندار اننگز کی بدولت ممبئی انڈینز نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 29ویں میچ میں دہلی کیپٹلز کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا۔آج یہاں دہلی کیپٹلز کے کپتان اکشر پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری ممبئی انڈینز کی جانب سے روہت شرما اور ریان رکلٹن نے پہلے وکٹ کے لیے طوفانی انداز میں 47 رنز جوڑے۔ پانچویں اوور میں وپراج نگم نے روہت شرما (18) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں کلدیپ یادو نے ریان رکلٹن کو بولڈ کر کے پویلین بھیجا۔ ریان نے 25 گیندوں پر پانچ چوکے اور دو چھکے لگا کر 41 رنز بنائے۔14ویں اوور میں کلدیپ یادو نے سوریہ کمار یادو کو اسٹارک کے ہاتھوں کیچ کروا کر آؤٹ کیا۔
سوریہ نے 28 گیندوں پر پانچ چوکے اور دو چھکے لگا کر 40 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں ہارڈک پانڈیا (2) کو نگم نے اپنا شکار بنایا۔ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک بڑا اسکور کھڑا کیا۔ تلک ورما نے 32 گیندوں پر چھ چوکے اور تین چھکے لگا کر 59 رنز بنائے، انہیں مکیش کی گیند پر ابھشیک پوریل نے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کیا۔نمن دھیر نے 17 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آوٹ 38 رنز بنائے۔دہلی کی طرف سے وپراج نگم اور کلدیپ یادو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔