ممبئی، 20 مئی (یواین آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز ممبئی انڈینز نے انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو، رچرڈ گلیسن اور سری لنکا کے چریت اسلانکا کو ول جیکس، ریان رکلٹن اور کوربن بوش کی جگہ عارضی طور پر ٹیم میں شامل کیا ہے۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ممبئی انڈینز نے بیئرسٹو کو 5.25 کروڑ روپے، تیز گیند باز گلیسن کے ساتھ ایک کروڑ روپے اور اسلانکا کے ساتھ75 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا ہے۔ یہ کھلاڑی ممبئی انڈینز کے پلے آف میں جگہ بنانے پر ٹیم کے ساتھ دستیاب رہیں گے۔ ممبئی انڈینز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان بدھ کو پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ ہوگا۔ جیکس 26 مئی کو ممبئی انڈینز کا آخری لیگ میچ کھیلنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف انگلینڈ کی ون ڈے سیریز کی وجہ سے ٹورنامنٹ درمیان میں ہی چھوڑ دیں گے۔ وہیں، رکلٹن اور بوش ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کی تیاری کے لیے جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم کے ساتھ شامل ہو جائیں گے۔بیئرسٹو نے آئی پی ایل کے پانچ سیزن میں 50 میچ کھیلے ہیں۔ وہ 20-2019میں سن رائزرز حیدرآباد اور 2022 اور 2024 میں پنجاب کنگز کے لیے کھیل چکے ہیں۔ لیگ میں بیئرسٹو نے 34.54 کی اوسط اور 144.45 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ رنز بنائے ہیں، جن میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہیں، گلیسن نے گزشتہ سیزن میں چنئی سپر کنگز کے لیے دو میچ کھیلے تھے۔ سری لنکا کے محدود اوورز کے کپتان اسلانکا پہلی بار آئی پی ایل میں کھیلیں گے۔









