جے پور، 26 مئی (یو این آئی) آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینس کے ذریعہ دئے گئے 185رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم نے تادم تحریر 12اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 124رن بنالئے تھے۔پنجاب کی طرف سے جوس انگلش 54 اورپریانک آریہ 51رن بناکر بلے بازی کررہے تھے۔قبل ازیں سوریہ کمار یادو (57) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ممبئی انڈینس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 69ویں میچ میں پیر کو پنجاب کنگز کو جیت کے لیے 185 رن کا ہدف دیا۔ یہاں آج پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے ممبئی انڈینز کی اوپننگ جوڑی ریان رکلٹن اور روہت شرما نے پہلی وکٹ کے لیے 45 رن جوڑے۔ مارکو جانسن نے چھٹے اوور میں اس شراکت کو توڑا جب انہوں نے 20 گیندوں پر ریان ریکلیٹن (27) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد سوریہ کمار یادو بیٹنگ کے لیے آئے اور روہت شرما کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔
10ویں اوور میں ہرپریت برار نے روہت شرما کو 21 گیندوں پر 24 رن پر آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وجے یوکار ویشک نے تلک ورما (1) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو تیسرا جھٹکا دیا۔ ول جیکس (17) بھی 13ویں اوور میں ویشک کا شکار بنے۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے 15 گیندوں میں (26) اور نمن دھیر نے 12 گیندوں میں (20) رن بنائے۔ ممبئی کا ساتواں وکٹ 20ویں اوور کی آخری گیند پر سوریہ کمار یادو کی صورت میں گرا۔
انہیں ارشدیپ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ سوریہ کمار یادو نے 39 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے (57) رن بنائے۔ ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹ پر 184 رن بنائے۔ پنجاب کنگز کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، مارکو جانسن، وجے کمار ویشک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہرپریت برار نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔