لکھنؤ، 3 اپریل (یو این آئی) کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف شاندار جیت کے بعد ممبئی انڈینز جمعہ کو نئے اعتماد اور جوش کے ساتھ لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے خلاف آئی پی ایل 2025 کے 16ویں میچ میں اترے گی۔ ممبئی کے گیندبازوں نے کے کے آرکو صرف 116 رنوں پر ڈھیر کردیاتھا جس کے بعد ریان رکیلٹن کی ناٹ آؤٹ 62 رنوں کے ساتھ سوریہ کمار یادو کے نو گیندوں پر 27 رنز کی دھماکہ خیز اننگ سے آسانی کے ساتھ ہدف کو حاصل کرلیا تھا۔ اس میچ میں نئے کھلاڑی اشونی کمار نے چار وکٹیں لے کر متاثر کیا جبکہ دیپک چاہر اور ٹرینٹ بولٹ پاور پلے میں موثر رہے۔ اس کے علاوہ ماضی کے ریکارڈ سے قطع نظر، ممبئی انڈینز ایل ایس جی کو چیلنج کرنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔لکھنؤ نے ممبئی کے خلاف چھ میں سے پانچ میچ جیت کر آئی پی ایل میں برتری حاصل کی ہے۔ تاہم، کولکتہ کے خلاف ممبئی انڈینس کی حالیہ جیت سے ایل ایس جی کو سنبھل کررہنا ہوگا۔ نکولس پوران نے ایل ایس جی کے لیے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ تین میچوں میں 220 کے اسٹرائیک ریٹ سے 189 رنز بنائے ہیں۔اس میچ میں بھی ان کی کارکردگی پر سب کی نظریں ہوں گی۔ایل ایس جی اپنے گھر یلو آخری میچ میں پنجاب کنگز کے خلاف آٹھ وکٹوں کی شکست سے آگے بڑھنا چاہے گی۔ مچل مارش اور پوران نے بلے بازی کا بار اٹھایا ہے اور ان کی ناکامی اکثر ٹیم کی کمزوریوں کو بے نقاب کرتی ہے۔ کپتان رشبھ پنت کی خراب فارم تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، جبکہ آیوش بدونی اور عبدالصمد نے نیچے آرڈر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔بولنگ کے شعبے میں شاردول ٹھاکر نے تین میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن وہ مہنگے ثابت ہوئے ہیں اور انہوں نے 10.22 کے اکانومی ریٹ سے رنز دیے ہیں۔ آکاش دیپ کی واپسی سے اٹیک کو تقویت ملنے کی امید ہے جبکہ لیگ اسپنر روی بشنوئی اپنی اب تک کی مایوس کن کارکردگی کو بہتر بنانے کے خواہشمند ہوں گے۔ چاہر اور بولٹ کی قیادت میں ممبئی کا بولنگ اٹیک پاور پلے میں موثر رہا ہے۔ ڈیبیو کرنے والے اشون نے آخری گیم میں چار وکٹ لے کر متاثر کیا اور وہ دوبارہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
مچل سینٹنر کا تجربہ درمیانی اوورز میں اہم ہو گا جبکہ نوجوان تیز گیند باز وگنیش پوتھر کو کامیابی کے لئے بلایا جاسکتا ہے۔بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکنا اسٹیڈیم کی پچ متوازن ہونے کی امید ہے، جو بلے بازوں اور گیند بازوں دونوں کی مدد کرے گی۔ اوس کی وجہ سے دوسری اننگ میں ہدف کا تعاقب کرنا بہتر آپشن ہو سکتا ہے۔ اس مقام پر آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ کامیاب ہدف 3 وکٹ پر 199 رنز ہے، جو راجستھان رائلز نے گزشتہ سیزن میں ایل ایس جی کے خلاف حاصل کیا تھا۔مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں مستقل مزاجی کی تلاش میں ہیں اس لیے میچ سنسنی خیز ہونے جا رہا ہے۔ ایل ایس جی نے پہلے ایم آئی پر دبدبہ بنایا ہے، لیکن مہمان ٹیم کی حالیہ واپسی انہیں میچ میں تھوڑا پسندیدہ بناتی ہے۔