ممبئی، 12 مارچ (یو این آئی) جمعرات کو ہونے والے ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2025 کے ایلیمینیٹر میں فائنل میں پہنچنے کے لیے ممبئی انڈینس اور گجرات جائنٹس کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ آٹھ میچوں میں سے پانچ جیت کے ساتھ لیگ مرحلے میں دوسرے نمبر پر آنے کے بعد، ممبئی انڈینس ویمن کل یہاں ڈبلیو پی ایل ایلیمینیٹر جیت کر اپنا تسلط بحال کرنے کی کوشش کرے گی۔ آخری لیگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور سے ہارنے کے باوجود، ہرمن پریت کور کی قیادت والی ٹیم کو ٹائٹل کی مضبوط دعویدار سمجھا جاتا ہے۔دوسری طرف گجرات جائنٹس کی لیگ میں ملی جلی مہم تھی لیکن اس نے لگاتار تین جیت کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں جگہ پکی کی۔ ممبئی نے پورے سیزن میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پانچ جیت اور تین ہار کے ساتھ اپنی مہم کو متوازن کیا۔ ابتدائی مراحل میں ان کی مضبوط پرفارمنس نے ٹاپ ٹو میں جگہ بنائی جس نے انہیں براہ راست پلے آف میں پہنچایا۔
گجرات کے لیے کپتان ایشلے گارڈنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے آٹھ اننگز میں 163 کے اسٹرائیک ریٹ سے 235 رنز بنائے ہیں۔ بیتھ مونی نے 128 کے اسٹرائیک ریٹ سے 230 رنز بنا کر کریز پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ ہرلین دیول نے 124 کے اسٹرائیک ریٹ سے 224 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا ہے۔ کاشوی گوتم نے 6.29 کی اکانومی سے 10 وکٹیں لے کر بولنگ میں اپنا دبدبہ برقرار رکھا ہے۔ تنوجا کنور اور ڈینڈرا ڈوٹن نے ایک ساتھ 17 وکٹیں لے کر گجرات کے باؤلنگ اٹیک کو برتری فراہم کی۔نیٹ سائیور برنٹ ممبئی کے لیے بہترین بلے باز رہیں ہیں، جنہوں نے آٹھ اننگز میں 151.82 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 416 رنز بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے آٹھ میچوں میں 128 کے اسٹرائیک ریٹ سے 200 رنز بنائے۔ ہیلی میتھیوز نے 119.47 کے اسٹرائیک ریٹ سے 227 رنز بنائے اور 7.96 کی اکانومی سے 14 وکٹیں حاصل کیں۔ امیلیا کیر ممبئی کی کلیدی اسپنر رہی ہیں، جنہوں نے 8.03 کی اکانومی میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔ برنٹ نے 8.27 کی اکانومی سے آٹھ وکٹیں لے کر گیند کے ساتھ بھی تعاون کیا ہے۔