بھوپال:29؍مارچ:مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، شاجاپور کے ذریعے “سلسلہ” کے تحت مشہور مزاحیہ شاعر بے تکلف شاجاپوری کو منسوب شعری و ادبی نشست کا انعقاد 29 مارچ 2025 کو صبح 11:00 بجے پی ایم کالج آف ایکسلینس، شاجاپور میں ضلع کوآرڈینیٹر امن جادون کے تعاون سے کیا گیا۔اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے شاجاپور میں منعقد “سلسلہ” میں شاجاپور ضلع کے شعرا و ادبا کو اسٹیج فراہم کرنا اردو اکادمی کا مقصد ہے۔ یہ ادبی و شعری نشست شاجاپور کے طنز و مزاح کے مشہور شاعر بے تکلف شاجاپوری کو منسوب ہے۔بے تکلف شاجاپوری مزاحیہ شاعری کے حوالے سے مدھیہ پردیش کی نمائندگی پورے ملک میں کرتے تھے۔ ان کے جانے کے بعد صوبے میں مزاحیہ اردو شاعری کے حوالے سے میدان لگ بھگ خالی ہوگیا ہے۔شاجاپور ضلع کے کوآرڈینیٹر امن جادون نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام میں سلسلہ کے تحت صبح 11:00بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت اجین کے سینئر شاعر راز رومانی نے کی۔ساتھ ہی مہمانان ذی وقار کے طور پر شاجاپور کے سینئر شاعر عبدالصمد اور سماجی کارکن جگدیش بھاوسار اسٹیج پر جلوہ افروز رہے۔ نشست کی شروعات میں چنٹو آغا نے مشہور شاعر بے تکلف شاجاپوری کی شخصیت اور کارناموں کے حوالے سے گفتگو کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ بے تکلف شاجاپوری کا اصل نام ریاض آغا تھا، مگر ادبی دنیا انھیں بے تکلف شاجاپوری کے نام سے جانتی ہے۔ کم عمر میں ہی انھیں شعر و شاعری کا شوق پیدا ہوگیا تھا اور یہ شوق ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ پروان چڑھا۔ وہ درس و تدریس کے شعبے سے بھی وابستہ رہے۔ انھوں نے مشاعروں میں مزاحیہ شاعری کے حوالے سے شاجاپور کی نمائندگی کی۔ ان کا طنز و مزاح سے بھرپور انداز، ان کے اشعار میں سماج کی سچائیوں کو بے نقاب کرتا رہا۔ ادبی حلقوں میں انھیں ایک مقبول و منفرد شاعر کے طور پر جانا گیا۔ ایک چھوٹے سے شہرشاجاپور سے نکل کر ملک کے مختلف مشاعروں تک کا ان کا سفر، ان کی محنت، ہنر اور عزم کی بہترین مثال ہے۔
شعری نشست میں جو اشعار پسند کیے گئے وہ درج ذیل ہیں:
اپنے ہونٹوں پر بہاریں لائیے
تلخ لہجے کو ذرا مرجھائیے
جیتیے لوگوں کے دل کی بستیاں
دشمنی کو قبر میں دفنائیے
راز رومانی
ایسے شامل ہیں ہم کہانی میں
جیسے مچھلی کے اشک پانی میں
پنکج پلاش
امن کا قافلہ کرتا رہا منت پھر بھی
چند لمحوں کو بھی خاموش نہ بیٹھے ہم لوگ
حنیف راہی
خدا بیویوں کو تو شوہر کا ڈر دے
کہ مردوں کے دامن کو خوشیوں سے بھردے
دعا کررہا ہوں یہی میرے مولا
شروعات اس کی میرے گھر سے کردے
مشہور شاجاپوری
ڈر ہے لپک نہ لیں مجھے میری اداسیاں
تم مسکرا کے مجھ میں اجالا کیا کرو
ارپت شرما
ہمارے ساتھ رہتی ہے تمھارے پیار کی خوشبو
ہمیں اب تک لبھاتا ہےتمھارے پیار کا جادو
آیوش آدرش
تمہاری دعاؤں کا سایہ رہے ماں
ہر اک غم کا مجھ سے کنارا رہے ماں
جتیندر دیوت
مفلس کے آنسوؤں کی دعا جب ہوئی قبول
آندھی نے تنکے جوڑ کے چھپر بنا دیا
امن جادون
پروگرام کی نظامت کے فرائض ضلع کوآرڈینیٹر امن جادون نے انجام دیے اور
پروگرام کے آخر میں انھوں نے تمام مہمانوں، تخلیق کاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔