بھوپال، 26 مئی: راجدھانی بھوپال میں سامنے آئے لو جہاد کے حالیہ معاملے کے بعد بی جے پی لیڈر اور ایم پی آلوک شرما نے شدید ردعمل دیا ہے۔ شرما نے کہا کہ اب رات 10 بجے کے بعد شہر میں کوئی بازار نہیں کھلے گا۔ شرما نے پولس کمشنر کو ایک خط لکھ کر تمام بازاروں کو ایک ہی وقت میں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر نیو مارکیٹ، برکھیڑا اور سنت ہردارام نگر جیسے علاقوں میں دکانیں رات 10 بجے بند ہو سکتی ہیں تو قاضی کیمپ اور شاہجہاں آباد جیسے علاقوں کے بازار رات بھر کیوں کھلے رہتے ہیں۔ شرما نے کہا کہ قاضی کیمپ پاکستان کا حصہ نہیں ہے، یہ بھوپال کا بھی حصہ ہے۔ایک شہر میں دو قانون نہیں چل سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ خود افسران کے ساتھ رات کو شہر کا معائنہ کریں گے اور قواعد پر عمل نہیں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔