بھوپال:07؍جولائی:مرکزی حکومت کی ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر اسکیم (RDSS) کے تحت، سینٹرل زون بجلی سپلائی کمپنی کے ذریعہ کمپنی حلقہ کار میں اسمارٹ میٹر لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جہاںا سمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں وہاں پر بروقت بلنگ اور ریڈنگ بھی کی جا رہی ہے اور یومیہ ٹیرف میں 20 فیصد رعایت بھی دی جانے لگی ہے۔ کمپنی حلقہ کار کے بھوپال، نرمداپورم، گوالیار اور چمبل ڈویزن کے 16 اضلاع میں اب تک 3 لاکھ، 3 ہزار 305 اسمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ بھوپال سٹی سرکل میں ایک لاکھ 62 ہزار 320 اسمارٹ میٹرنصب کئے جا چکے ہیں۔ کمپنی نے کہا ہے کہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے صارفین کو بہتر خدمات، درست بلنگ اور توانائی کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ کمپنی کی ٹیمیںاسمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے مسلسل کام میں مصروف ہیں۔
سینٹرل زون بجلی سپلائی کمپنی نے اسمارٹ میٹر کے فوائد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمارٹ میٹر سے ریئل ٹائم ڈیٹا حاصل کیا جاسکتا ہے، جو صارفین کو درست اور بروقت بلنگ کو یقینی بناتا ہے۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں اسمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں وہاں بلنگ اور ریڈنگ بروقت ہو رہی ہے جس کی وجہ سے تمام صارفین مطمئن ہیں۔ نئے ٹیرف آرڈر کے مطابق اب اسمارٹ میٹر صارفین کو کھپت کی بنیاد پر دن کے ٹیرف میں 20 فیصد کی رعایت دی جا رہی ہے۔ماہ جون کا بل جو کہ جولائی ماہ میں جاری ہوا ہے ، اس میں دن کے ٹیرف میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک استعمال ہونے والی بجلی کے دوران پیدا ہونے والے یونٹس پر رعایت کا الگ کالم میں درج کیاگیاہے۔









